ممبئی،11جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)ویسٹ انڈیز کے تیز اٹیک کو اپنے بہترین دفاع سے بے اثر کرنے کے لئے مشہور ہندوستان کے سابق سلامی بلے باز سنیل گواسکر کی ایک کمزوری تھی اور وہ تھی پارلے جی گلوکو ز بسکٹ۔کل کرکٹ کلب آف انڈیا میں لیجیڈس کلب کی طرف سے گواسکر کی 67ویں سالگرہ کے موقع پر ان کی چھوٹی بہن نوتن نے اس کا انکشاف کیا۔نوتن نے صحافیوں سے کہا کہ انہیں وہ بسکٹ بہت پسند تھے پارلے جی گلوکوز بسکیٹ۔ویسٹ انڈیز کافی دور تھا اور دورہ بہت طویل ہوتا تھا،وہ چائے یا کافی کے ساتھ یہ بسکٹ کھاتے تھے اور جب بھی وہ ویسٹ انڈیز جاتے تو ہم کوشش کرتے تھے کہ ان کے لیے بسکٹ بھیج دیں۔انہوں نے کہاکہ وہ دورے سے پہلے خود اپنے سامان کے ساتھ وہ بسکٹ رکھتے لیکن تین ہفتے یا ایک ماہ میں وہ ختم ہو جاتے،وہ جب بھی، جس بھی دورے پر جاتے تو ہم کسی صحافی یا رشتہ دار یا دوست کے ساتھ بسکٹ بھیجتے تھے۔ممبئی کے سابق سلامی بلے باز ششر ہٹنگڈی نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے تیز گیند باز لٹل ماسٹر کا کتنا احترام کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ کسی خیراتی ٹورنامنٹ کے دوران تمام فاسٹ بولر روی شاستری کے گھر آئے تھے اور بیئر پی رہے تھے۔سنی(گواسکر)کرتہ پاجاما پہن کر آیا اور جیسے ہی وہ آیا تو تمام تیز گیند باز کھڑے ہو گئے اور کہا کہ ہیلو ماسٹر، آپ کیسے ہو۔انہوں نے کہا کہ ان میں مائیکل ہولڈنگ، جوئیل گارنر، میلکم مارشل اور اینڈی رابرٹس شامل تھے،وہ سب کے سب گواسکر کا اتنا احترام کرتے تھے۔